کراچی کے احباب کا مخلصانہ تعاون

   
تاریخ : 
۲۳ دسمبر ۱۹۷۷ء

راقم الحروف کو یکم نومبر سے ۴ نومبر تک اور ۸ دسمبر سے ۱۵ دسمبر تک کراچی کے مختلف علاقوں کا تنظیمی دورہ کرنے اور جمعیۃ علماء اسلام کی تنظیمی صورتحال کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔ اس دوران لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، شیر شاہ کالونی، مہاجر کیمپ، بلدیہ ٹاؤن، بہاری کالونی، کلری، کیماڑی، کورنگی، لانڈھی، مظفر آباد کالونی، فیوچر کالونی، ڈرگ کالونی، نیو ٹاؤن، دہلی مرکنٹائل سوسائٹی، اختر کالونی، محمود آباد، کھوکھرا پار، کھڈہ اور دیگر علاقوں میں جماعتی رہنماؤں اور کارکنوں سے تفصیل کے ساتھ جماعتی امور پر تبادلۂ خیالات ہوا۔ بالخصوص حضرت مولانا غلام صمدانی، مولانا محمد زکریا، مولانا مفتی احمد الرحمان، ڈاکٹر احمد حسین کمال، صوفی عبد الحنان، مولانا عبد الرزاق عزیز، ڈاکٹر محمد شریف، مولانا قاری شیر افضل، مولانا قاضی قطب الدین، مولانا خان محمد، مولانا حضرت ولی، مولانا حسن المآب شاہ، حاجی میر نور حمد، سید عمران شاد، مولانا قاری محمد اسماعیل، حاجی محمد حسین کاپڑیا، مولانا عبد الرؤف، مولانا محمد یوسف گلفام اور دیگر جماعتی احباب کے ساتھ مفصل گفتگو ہوئی۔

اس کے علاوہ مجلس تحفظ حقوق اہل السنۃ کے زیر اہتمام ڈرگ کالونی میں منعقد ہونے والی خلافت راشدہ کانفرنس اور شیخ الاسلام علامہ شبیر احمدؒ عثمانی کی یاد میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات کے علاوہ علامہ عثمانی کے مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔ دارالعلوم کراچی میں حضرت مولانا محمد تقی عثمانی سے ملاقات اور اہم امور پر مفید مشاورت ہوئی۔ کراچی کے تنظیمی مسائل کے سلسلہ میں اپنی رپورٹ قائد جمعیۃ حضرت مولانا مفتی محمود مدظلہ کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ اس بارے میں ان کی رہنمائی کراچی میں جمعیۃ کی ترقی و استحکام کی بنیاد ثابت ہوگی، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

اس موقع پر میں کراچی کے دورہ کی کامیابی کے سلسلہ میں کراچی کے تینوں اضلاع کے ذمہ دار جماعتی بزرگوں اور احباب کے مخلصانہ تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں بالخصوص جمعیۃ علماء اسلام صوبہ سندھ کے ناظم مولانا عبد الرزاق عزیز اور ان کے ہلکے پھلکے موٹرسائیکل کا شکر گزار ہوں کہ ان کے ایثار اور مسلسل تعاون کے باعث میرے لیے کراچی کے مختلف حصوں میں جماعتی احباب سے ملاقاتوں میں آسانی رہی۔ مجھے امید ہے کہ جماعتی بزرگ اور احباب حالات کے تقاضوں اور ضروریات کا احساس کرتے ہوئے جمعیۃ علماء اسلام کو ایک مضبوط اور مستحکم سیاسی جماعت بنانے میں کسی ایثار اور جدوجہد سے گریز نہیں فرمائیں گے۔

   
2016ء سے
Flag Counter