بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
سائنسی ارتقاء اور حقائق کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات کا مطالعہ ایک دلچسپ موضوع ہے اور آج کی فکری و تہذیبی ضروریات کے حوالے سے یہ وقت کا تقاضہ بھی ہے کہ دینی تعلیمات سے بے خبری اور سائنسی تجربات و مشاہدات کے تسلسل کے ماحول میں نئی نسل کے ذہنوں میں جو شکوک و شبہات اور اشکالات پیدا ہو رہے ہیں ان کے ازالہ اور ان سے نجات کے لیے نئی نسل بالخصوص کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ اور طالبات کی راہ نمائی کی جائے جو اسی صورت میں ہو سکتی ہے کہ انہیں دین کی بنیادی تعلیمات اور قرآن و سنت کے فہم سے قریب کرنے کی محنت کی جائے اور اس کے ساتھ سائنسی حقائق، ارتقاء، تجربات اور مشاہدات کے حقیقت پسندانہ تجزیہ اور فطرتِ سلیمہ کے ساتھ ان کی ہم آہنگی کا ماحول بنایا جائے۔
محترم محمد نادر خان صاحب نے ’’عقل بھی تابع فرمان ہوئی‘‘ میں اسی اسلوب کو اختیار کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات اور جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ سے نئی نسل کو روشناس کرانے کی کوشش کی ہے، جو ان کے حسنِ ذوق کی علامت ہے۔ دعا گو ہوں کہ اللہ رب العزت ان کی اس کاوش کو قبول فرمائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے نافع بنائیں، آمین یا رب العالمین۔

