’’احسن البیان فی تحفیظ القرآن‘‘

   
پیش لفظ / تقریظ / مقدمہ
۲۱ جون ۲۰۲۶ء

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

قرآن کریم کے حفظ اور تجوید و قرأت کی تعلیم ہمارے دینی تعلیم کے نظام کا سب سے بڑا اور بنیادی دائرہ ہے جس میں ابتدا سے ہی تعلیم و تدریس اور تربیت و اصلاح کا کام ہو رہا ہے اور اس کے تنوع اور وسعت میں بحمد اللہ تعالیٰ دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ہر دور میں حفظ و تجوید کے ماہرین پورے ذوق و محنت کے ساتھ اس عمل کا حصہ رہے ہیں اور آج بھی یہ محنت ترقی کی طرف گامزن ہے۔ اس میں تعلیم و تربیت کے ساتھ تصنیف و تالیف کو بھی ایک مستقل شعبہ کی حیثیت حاصل ہے اور سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں کتب و رسائل ہماری علمی تاریخ کے ریکارڈ میں شامل ہیں جن سے اساتذہ و طلبہ مسلسل استفادہ کر رہے ہیں۔

ہمارے محترم ساتھی محترم قاری ریاض احمد انصاری گوجرانوالہ کے معروف اساتذہ میں سے ہیں جو طویل عرصہ سے حفظ قرآن کریم اور تجوید و قرأت کے شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور مجموعی طور پر ہزاروں طلبہ نے ان سے استفادہ کیا ہے۔ باذوق اساتذہ کی ایک خوبی یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنے تجربات و مشاہدات کو تحریری صورت میں لا کر بعد والوں کے لیے بھی استفادہ کی صورت پیدا کر دیتے ہیں جو ان کے لیے صدقہ جاریہ ہوتا ہے اور اساتذہ و طلبہ کے لیے راہنما ہوتی ہے۔ قاری صاحب محترم نے یہ کارِ خیر ’’احسن البیان فی تحفیظ القرآن‘‘ کی صورت میں سرانجام دیا ہے اور قرآن کریم کی حفظ و ناظرہ اور تجوید و قرأت کی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے مسائل و احکام اور تجربات و مشاہدات کا ایک قابل قدر مجموعہ مرتب کر دیا ہے جو یقیناً‌ اس شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کے لیے فائدہ اور راہ نمائی کا باعث ہو گا۔ اللہ پاک اسے قبولیت سے نوازیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے نفع کا ذریعہ بنا دیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter