مولانا اظہار الحق کی شہادت

   
مرکزی جامع مسجد، شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ
۶ ستمبر ۲۰۰۲ء

(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)

آپ نے اخبارات میں پڑھا ہوگا کہ حضرت مولانا حق نواز جھنگوی شہیدؒ، جو خود شہیدِ ناموسِ صحابہؓ ہیں، جنہوں نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ناموس کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا، ان کا جواں سال عالمِ دین بیٹا گزشتہ دنوں کراچی میں شہید کر دیا گیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اخبارات میں واقعات متضاد آرہے ہیں لیکن یہ بات طے ہے کہ اس کو بھی اسی جرم میں، اسی مشن میں مارا گیا ہے جس جرم میں اس کا باپ مارا گیا تھا۔ وہ اپنے باپ کے مشن پر تھا، ان کے طریقہ کار سے کسی کو اختلاف ہو سکتا ہے لیکن مشن سے کسی مسلمان کو اختلاف نہیں ہو سکتا، یہ دو باتیں الگ الگ ہیں۔

یہ مشن کہ اس ملک میں صحابہ کرامؓ کی ناموس کا قانونی تحفظ ہو، اس سے جسے اختلاف ہے وہ مسلمان نہیں ہے۔ طریقہ کار سے اختلاف ہو سکتا ہے، آپ میرے طریقہ کار سے اختلاف کر سکتے ہیں، میں آپ کے طریقہ کار سے اختلاف کر سکتا ہوں۔ لیکن مولانا حق نوازؒ کا مشن بھی یہی تھا، ان کے بیٹے کا مشن بھی یہی تھا جس کے لیے آج اس خاندان کے دوسرے فرد نے اپنی جان پیش کی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ہم درخواست کرتے ہیں کہ مولا کریم! باپ بیٹا دونوں کے درجات بلند فرما۔

دوسری بات حکمرانوں سے کہ بھئی ذمہ داری تمہاری ہے، حضرت عمر فاروقؓ نے تو ایک جانور کے بارے میں کہا تھا کہ اگر ایک جانور دریائے فرات کے کنارے پر بھوک سے مر جائے تو اس کا ذمہ دار میں ہوں۔ یہاں تو ایک انسان کی، ایک عالم دین کی بات ہے، ایک معصوم جان کی بات ہے۔ ذمہ دار حکمران ہیں۔ مولانا اظہار الحقؒ کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، اس سازش کو بے نقاب کیا جائے، اور حکومت اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اس قتل عام کو روکے۔ بہت سے لوگ تو یہ کہتے ہیں کہ حکمران خود یہ کرواتے ہیں، میں یہ تو نہیں کہتا لیکن میں یہ کہتا ہوں کہ اس کی ذمہ داری حکومت پر ہے، اس لیے قاتلوں کو گرفتار کرو اور انہیں کیفر کردار تک پہنچاؤ۔

2016ء سے
Flag Counter