(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)
ابھی ڈاکٹر عامر عزیز کا مسئلہ بمشکل سیٹ ہوا تھا، ہمارے ملک میں ایک معروف ڈاکٹر ہیں، اس جرم میں کہ یہ افغان طالبان اور ان مریضوں کا علاج کرتے رہے ہیں، امریکہ نے گرفتار کر لیا۔ لیکن الحمد للہ قوم نے، رائے عامہ نے، اخبارات نے، سیاسی راہنماؤں نے جرأت کا مظاہرہ کیا، احتجاج کیا، مزاحمت کی، اللہ کی مہربانی سے ڈاکٹر صاحب کو امریکہ لے جانے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکا۔ لیکن اب ایک اور ڈاکٹر صاحب گرفتار ہوگئے ہیں، ڈاکٹر احمد جبار۔ اب علماء کے بعد ڈاکٹروں کی باری آگئی ہے۔ علماء کی باری اس لیے تھی کہ یہ انہیں میدان جہاد میں سپورٹ کرتے تھے اور ڈاکٹروں کا قصور یہ ہے کہ یہ زخمیوں کا علاج کرتے تھے۔ یہ دونوں کام تو بہرحال ایک جیسے ہی ہیں۔ اب ڈاکٹر احمد جبار صاحب نہ صرف خود بلکہ پوری فیملی سمیت قابو آگئے ہیں۔ ان کا جرم یہ بتایا گیا ہے کہ ان کا القاعدہ سے تعلق ہے۔
ارے بھئی جو تعلق امریکہ بتاتا ہے وہ یہاں کس کا نہیں ہے۔ جس تعلق کو امریکہ قبول نہیں کر رہا کہ کسی مسلمان کا القاعدہ کے ساتھ یہ تعلق نہیں ہونا چاہیے کہ ان سے ہمدردی رکھے اور ان کے لیے اچھے جذبات کا اظہار کرے، یہ یہاں کس مسلمان کا نہیں ہے؟ جو مجاہد اپنے دین کے لیے، آزادی کے لیے اور ملی غیرت کے لیے لڑ رہے ہیں، ان کے ساتھ کس مسلمان کا تعلق نہیں ہے، امریکہ کتنوں کو گرفتار کرے گا؟ یہ کیا بدمعاشی ہے کہ جس کو چاہے پکڑ لو، جسے چاہے اٹھا کر لے جاؤ! میرا جمالی صاحب سے یہ سوال ہے کہ کیا آپ پاکستان کے وزیر اعظم ہیں یا امریکہ کے کسی پولیس اسٹیشن کے تھانے دار ہیں؟
اتنی بے غیرتی، اتنی بے حمیتی، خدا کے لیے کچھ خوف کرو! ان شاء اللہ العزیز ڈاکٹر احمد جبار بھی رہا ہوں گے، ڈاکٹر عامر عزیز کی طرح یہ بھی ہضم نہیں ہوگا۔ پاکستانی قوم اب غیرت کا مظاہرہ کر رہی ہے، پاکستانی قوم کو یہ معلوم ہوتا جا رہا ہے کہ کون کون کہاں کہاں کیا کیا کر رہا ہے۔ میں حکمرانوں سے یہ ضرور کہوں گا کہ یہ انتہائی قابل مذمت بات ہے، ڈاکٹر احمد جبار کو رہا کیا جائے، اور امریکہ سے دو ٹوک کہا جائے کہ جناب اگر کسی کا کوئی قصور ہے تو ہم سے بات کرو، اگر امریکہ براہ راست یہاں گرفتاریاں شروع کر دے تو حکومت پاکستان کا یہاں کیا کام ہے، حکمران اپنی کرسیاں چھوڑ کر گھروں کو جائیں اور امریکہ کو یہ ملک چلانے دیں۔
گزشتہ جمعے بھی عرض کیا تھا کہ ملک بھر میں خوف کی فضا مسلط کی گئی ہے اور کوئی آدمی بھی محفوظ نہیں ہے کہ کس وقت ایف بی آئی کا جی چاہے، امریکہ کا جی چاہے اور وہ رات کی تاریکی میں کسی مکان میں گھسیں اور کسی شریف آدمی کو پکڑ کر لے جائیں کہ اس کا القاعدہ سے تعلق ہے۔ یہ قومی خود مختاری کے بھی منافی ہے، ملکی وقار کے منافی ہے، اور یہ پاکستان میں حکومت کی موجودگی کی نفی ہے۔ جہاں حکومتیں ہوتی ہیں وہاں یہ نہیں ہوا کرتا۔ ایجنٹوں کی بات الگ ہے، ایسے کام ایجنٹوں کی موجودگی میں ہوتے ہیں، عوام کی نمائندہ حکومتوں کی موجودگی میں نہیں ہوتے۔
اس سلسلہ میں ملک بھر میں احتجاج ہو رہے ہیں۔ ہمارے ہاں بھی متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام جمعہ کی نماز کے بعد اس دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا پروگرام ہے، شیرانوالہ باغ سے شروع ہوگا اور گوندلانوالہ چوک تک جائے گا۔ حضرات اپنے جذبات کا اظہار کریں، اپنی آواز حکومت تک پہنچائیں کہ جو کچھ ہو رہا ہے، غلط ہو رہا ہے، یہ ہماری دینی غیرت کے خلاف ہے، ہماری قومی آزادی کے خلاف ہے، حکومت اس کے خلاف سٹینڈ لے اور امریکہ کو یہ باور کرائے کہ بھئی بس، ہم اپنے شہریوں کو تمہارے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

