قومی ماحول کی تطہیر کی ضرورت

   
مرکزی جامع مسجد، شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ
۳ جنوری ۲۰۰۳ء

(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تمہارا کیا حال ہوگا جب تمہارے معاشرے میں یہ ہوگا کہ گناہ کی تلقین کی جائے گی اور نیکی سے روکا جائے گا؟ گناہ کی دعوت دینے والے عام ہوں گے اور نیکی کی بات کرنے والا خود کو انجان اور مسافر سمجھے گا کہ یار میں بات تو کر رہا ہوں پتہ نہیں کوئی سنے گا بھی یا نہیں۔ گناہ کی بات کرنے والا، برائی کی تلقین کرنے والا کھلے بندوں اور اعتماد سے اپنی بات کہے گا، جبکہ نیکی بات کرنے والا شرمائے گا کہ میں نے بات کی تو مجھے لوگ پتہ نہیں کیا سمجھیں گے۔

جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بات فرمائی اور ہم دیکھ رہے ہیں۔ آپ نے اخبارات میں یہ خبر پڑھی ہوگی کہ لاہور میں ایک صاحب ہیں، پڑھے لکھے ہیں، کالج کے پروفیسر ہیں، پڑھاتے ہیں، کتابیں لکھی ہیں، انہوں نے ایک دعوت شروع کی ہے جس کی تفصیلات پڑھ کر مجھے حضورؐ کی یہ حدیث یاد آگئی کہ تمہارے معاشرے میں یہ ہوگا کہ گناہ کی کھلے بندوں دعوت دی جائے گی۔ لاہور کے ایک پروفیسر صاحب ہیں، انہوں نے ایک نیا گروہ بنایا ہے، اپنا نام رکھا ہے ’’رب جی‘‘ اور چیلوں کا نام رکھا ہے ’’رسول‘‘۔ پروفیسر مشتاق ان کا نام ہے۔ گورنمنٹ کالج باغبانپورہ لاہور کے استاد بتائے جاتے ہیں۔ پرسوں کے روزنامہ پاکستان نے اس کی ساری تفصیلات چھاپی ہیں۔ ان کی دعوت یہ ہے کہ بھئی شراب بھی حلال ہے، مکمل جنسی آزادی، کوئی ماں بہن کی قید نہیں ہے، جہاں جی چاہتا ہے منہ کالا کرو، جس کا جی چاہتا ہے منہ کالا کرو، بھنگ بھی حلال ہے، نشہ بھی حلال ہے، زنا بھی حلال ہے، اور یہ نماز وغیرہ سب قید اور پابندیاں ہیں، میں نے سب پابندیاں ختم کر دی ہیں۔

اور ستم کی بات یہ ہے کہ ملک کی مقتدر شخصیات کو خط لکھے ہیں اور اپنا مذہب قبول کرنے کی دعوت دی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کو، ڈاکٹر سرفراز نعیمی کو، قاضی حسین احمد کو خطوط لکھے ہیں کہ میرا مذہب قبول کرو۔ صوبہ سرحد اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کو خط لکھا ہے، اس نے یہ خط اسمبلی میں پیش کر دیا کہ آپ لوگ اس کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ آپ حضرات نے اس پر صوبہ سرحد اسمبلی کی قرارداد پڑھ لی ہوگی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں معاف فرمائے کہ ہماری بد اعمالیوں کے نتیجے میں ہم پر یہ فتنے مسلط ہوتے ہیں۔

دیکھیں بات یہ ہے کہ گھر کا ماحول اگر صاف ستھرا ہو، گندگی نہ ہو، صفائی ہو تو وہاں کیڑے مکوڑے، مچھر، مکھیاں نہیں آتے۔ لیکن گھر میں اگر صفائی نہ ہو، نالیاں گندی ہوں تو پھر ہر چیز آئے گی، پھر کیڑے مکوڑے بھی ہوں گے، مچھر بھی ہوں گے، مکھیاں بھی آئیں گی۔ گھر کا ماحول صاف ستھرا ہوگا تو خوشبو ہوگی یا کم از کم بدبو نہیں ہوگی۔ گھر کا ماحول جس قدر گندا ہوتا چلا جائے گا اس قدر بدبو دار جانور پیدا ہوتے چلے جائیں گے۔

یہ ہمارے وطن کے بدبودار ماحول کا نتیجہ ہے کہ گندگی کے جس کیڑے کا جب جی چاہتا ہے سر اٹھا لیتا ہے، کوئی اِدھر سے نکل رہا ہے، کوئی اُدھر سے نکل رہا ہے، کوئی چھت سے گر رہا ہے، کوئی نالی سے باہر آرہا ہے۔ یہ گھر کے بدبودار ماحول کا نتیجہ ہے، اور اس کا علاج یہی ہے کہ بھئی اچھی طرح سے صفائی کرو۔ اللہ تعالیٰ ہمارے حال پر رحم فرمائے کہ ہم میں صفائی کا احساس پیدا ہو، ہم بدبو میں رچ بس گئے ہیں، بدبو ہمارے مزاج میں شامل ہو گئی ہے، ہمیں بدبو محسوس ہی نہیں ہوتی، ہم عادی ہوگئے ہیں۔ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کا احساس دے اور صفائی کی توفیق عطا فرمائے۔

2016ء سے
Flag Counter