قوم کی حالت پر توجہ نہیں دی جا رہی!

   
جمعیۃ علماء اسلام، گوجرانوالہ
۲۲ مئی ۲۰۲۶ء

الحمد للّٰہ رب العالمین والصلوٰۃ والسلام علیٰ سید الرسل و خاتم النبیین وعلیٰ آلہ واصحابہ و اتباعہ اجمعین۔

میں اس احتجاجی مظاہرہ کے اہتمام پر جمعیۃ علماء اسلام گوجرانوالہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ قوم کے دکھ درد میں شریک ہونا ہماری دینی ذمہ داری ہے۔ اور الحمد للہ ہر موقع پر، کسی بھی حوالے سے قوم پر کوئی مشکل آئی ہے، مصیبت آئی ہے، علماء نے ہمیشہ قوم کا ساتھ دیا ہے۔ اور آج بھی یہ ملک میں جو مہنگائی کا بڑھتا ہوا طوفان ہے ہم اس پر احتجاج کر رہے ہیں کہ حکومت کو جو ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں اور جو وہ کر سکتی ہے وہ پوری نہیں کی جا رہیں۔ اپنے اپنے ایجنڈے پہ مست ہیں اور قوم کی حالت پر توجہ نہیں دی جا رہی۔

میں باقی ساری باتوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ایک بات کہوں گا کہ جب تک ہم آئی ایم ایف کے شکنجے سے نہیں نکلیں گے   —   ہمیں اپنی قومی خودمختاری کا تحفظ کرنا ہو گا، آئینی بالادستی اور آئین پر عملداری کا اہتمام کرنا ہو گا، اور تمام طبقوں کو اپنے فرائض اور اپنے اپنے آئینی حقوق بھی ادا کرنے ہوں گے   —    اس وقت تک ہم قوم کی معیشت کو بھی نہیں سدھار سکتے اور سیاسی وحدت اور قومی وحدت کا اہتمام بھی نہیں کر سکتے۔ دستور کی بالادستی کا اہتمام کریں اور آئی ایم ایف سے خدا کے لیے جان چھڑائیں۔
ہم نے غلامی سے آزادی سن ۴۷ء میں اس لیے حاصل نہیں کی تھی کہ ایسٹ انڈیا کمپنی سے نجات حاصل کر کے ہم آئی ایم ایف کی غلامی اختیار کریں۔ ہم نے اُس غلامی سے بھی انکار کیا تھا، اِس غلامی سے بھی انکار کرتے ہیں۔ (۱)   قومی خودمختاری   (۲)   آئین کی بالادستی  (۳)   اور تعیش کی زندگی جو اَپر کلاسوں کی ہے اُس کو ختم کرنا، یہ ہمارے مسائل کا حل ہے۔ اللہ پاک ہم سب کو توفیق عطا فرمائے۔

اللھم صلی علی سیدنا محمدن النبی الامی و آلہ واصحابہ وبارک وسلم۔

مولا کریم، ہمیں اپنے مسائل خود حل کرنے کی توفیق عطا فرما۔ غیروں کی مداخلت سے، غیروں کی غلامی سے، غیروں کے شکنجے سے ہمیں نجات عطا فرما۔ ہماری سیاسی قوتوں کو باہمی وحدت نصیب فرما۔ مل جل کر قوم کے مسائل سنبھالنے کی توفیق عطا فرما۔ قومی وحدت نصیب فرما۔ خودمختاری کی بحالی نصیب فرما۔ دستور کی بالادستی نصیب فرما۔ اور ہم سب کو اپنے ملک کے لیے، قوم کے لیے، وحدت کے لیے، آزادی کے لیے، خودمختاری کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرما۔

وصل اللہ تعالیٰ علیٰ خیر خلقہ محمد وآلہ واصحابہ و بارک وسلم۔

2016ء سے
Flag Counter