مسلمانوں کی دولت اور زندگی کا اسلامی فلسفہ

   
مرکزی جامع مسجد، شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ
۹ اگست ۲۰۰۲ء

(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)

بخاری شریف کی روایت ہے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے آج سے چودہ سو برس پہلے فرمایا تھا کہ عراق کا دانہ پانی بند کر دیا جائے گا، باہر سے خوراک آنی بند ہو جائے گی، اس کے بعد شام کی ناکہ بندی ہوگی، اس کے بعد مصر کی ہو گی۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس ناکہ بندی کے نتیجے میں عراق میں پانچ لاکھ بچہ بھوک اور علاج نہ ہونے کی وجہ سے مرا ہے۔ آج پھر دوبارہ عراق کی تباہی کے منصوبے بن گئے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پہلے عراق کی ناکہ بندی ہوگی، پھر شام کی ہوگی اور پھر مصر کی ہوگی۔ لوگ یہ خزانہ لوٹنا چاہیں گے، اس خزانے پر ٹوٹ پڑیں گے۔ مسلم شریف کی روایت کے مطابق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اس خزانے پر اتنی خوفناک جنگ ہوگی کہ لاشوں کے انبار لگ جائیں گے، سو میں سے ایک مرد زندہ بچے گا، ننانوے قتل ہو جائیں گے۔

جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس حدیث میں ایک لمبی تفصیل بیان فرمائی ہے کہ یہ ہوگا، اور یہ ہوگا، لیکن آپؐ نے اس میں ایک جملہ ارشاد فرمایا، وہ میں آپ کے سامنے عرض کرنا چاہتا ہوں، فرمایا: ’’من یحضرہ فلا یاخذ منہ شیئا‘‘ کہ یہ دولت تمہارے لیے منحوس ہوگی، جو وہاں موجود ہو، اس دولت کا کوئی حصہ نہ لے۔ قربان جائیے جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ گرامی پر۔ آج دیکھیے، ذرا دو منٹ کے لیے تجزیہ کر لیں کہ یہ دولت جو خدا نے ہمیں دی تھی، عراق کے فرات کے کنارے سے چشمے نکلنا شروع ہوئے تھے اور پھر کویت اور سعودی عرب اور پھر سارے علاقوں میں یہ چشمے نکلے، کیا اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی یہ دولت مسلمانوں کے کسی کام آئی ہے؟ ہم نے اس دولت سے کوئی سائنسی ترقی کی ہو؟ ہم نے اس دولت سے مسلم امہ کا دفاع مضبوط کیا ہو؟ ہم نے اس دولت سے کوئی رفاہی ادارے بنائے ہوں؟ ہم نے اس دولت سے عالم اسلام میں تعلیم کو ترقی دی ہو؟ یونیورسٹیاں بنائی ہوں، کالج بنائے ہوں، ٹیکنالوجی حاصل کی ہو، سائنس میں آگے بڑھے ہوں؟ کیا مسلمانوں کو کسی اجتماعی شعبے میں اس دولت نے کوئی فائدہ دیا ہے؟ اس دولت کی وجہ سے مسلمانوں کا قتلِ عام ہوا ہے۔

اور یہ دولت اس وقت ہے کہاں؟ اللہ اکبر کبیرا۔ تیل کی شکل میں جو دولت ہے وہاں امریکی فوجیں بیٹھی ہیں، اور جو پیسوں کی شکل میں ہے وہ مغرب کے بینکوں میں ہے۔ اور اب امریکہ بہادر نے صاف کہہ دیا ہے کہ اگر ہماری بات نہ مانی اور ہماری حکم برداری پر قائم نہ رہے تو تیل کے چشموں پر بھی قبضہ کر لیں گے اور مغرب میں تمہاری پڑی ہوئی دولت بھی ضبط کر لیں گے۔ قبضہ کریں گے کیا، قبضہ تو کیا ہوا ہے، ان کی فوجیں وہاں بیٹھی ہوئی ہیں، اب تو صرف اعلان کی ضرورت ہے کہ ہم نے قبضہ کر لیا ہے۔ امریکی پینٹاگان میں ہونے والی بریفنگ میں دو باتیں صاف کہہ دی گئی ہیں کہ سعودی حکومت نے اگر ہماری ساری باتیں نہ مانیں — ساری باتوں کا کیا مطلب؟

  • اسرائیل کو موجودہ کیفیت میں تسلیم کرو۔
  • سعودی عرب کے اندر مذہب کی تعلیم اور مذہبی رجحانات کو ختم کرو۔
  • سکولوں میں قرآن کریم کی تعلیم بند کرو۔
  • کالجوں میں حدیث و فقہ کی تعلیم بند کرو۔

یہ مطالبات اگر نہ مانے تو — یہ بات کسی اخبار نے اپنی طرف سے نہیں لکھی بلکہ پینٹاگان میں دی گئی بریفنگ ہے کہ — تیل کے چشموں پر قبضہ کر لیں گے اور بینکوں میں موجود دولت ضبط کر لیں گے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ کہتے ہیں کہ سعودی عرب ’’بدی‘‘ کا مرکز ہے۔ آپ نے یہ جملہ اخبار میں پڑھا ہے، سعودی عرب امریکہ کے نزدیک کیا ہے؟ بدی کا مرکز ہے۔ یہ الفاظ پڑھتے ہوئے آپ کے دماغ میں کوئی حرارت بھی پیدا ہوئی یا نہیں؟ حرمین شریفین کی سر زمین سعودی عرب کے بارے میں یہ جملہ پڑھتے ہوئے آپ کے کانوں کی لو گرم ہوئی یا نہیں؟ امریکہ کے نزدیک وہ بدی کیا ہے جس کا مرکز وہ سعودیہ کو قرار دے رہے ہیں؟ ان کے نزدیک یہ بدی اسلام ہے، قرآن کریم کی اور حدیثِ رسول کی تعلیم ہے، حج کا اجتماع ہے، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہے، اور سعودی عرب کی تمام تر خرابیوں کے باوجود آج بھی وہاں کی ثقافت دینی ہے، یہی امریکہ کے نزدیک بدی ہے۔ اب دنیا میں یہ چند سال پراپیگنڈا ہوگا کہ سعودی عرب بدی کا مرکز ہے، دہشت گردی کی تعلیم کا مرکز ہے، اس کے بعد سعودی عرب کی باری آجائے گی۔

اللہ تبارک و تعالیٰ جہاں فتنوں کی بات کرتے ہیں وہاں ایک بات فرماتے ہیں، وہی میں آپ کی خدمت میں عرض کر کے اپنی بات سمیٹتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ جہاں فتنوں سے بچنے کی بات ذکر کرتے ہیں، وہاں یہ فرماتے ہیں:

یا ایھا الذین امنوا استجیبوا للہ وللرسول اذا دعاکم لما یحییکم (الانفال ۲۴)

’’اے ایمان والو! جب اللہ اور اس کے رسول تمہیں پکاریں تو فوراً‌ حاضر ہو جاؤ، تمہاری زندگی صرف اسی میں ہے۔‘‘

اللہ کے سامنے جھک جاؤ، اللہ کے رسول کے سامنے جھک جاؤ، اللہ رسول کی بات مان لو، اور یہ یقین رکھو کہ اللہ اور رسول جو بات کہتے ہیں وہ تمہاری زندگی کی بات ہے، تمہاری حیات کی بات ہے، تمہارے وقار کی بات ہے، تمہاری عزت کی بات ہے۔ جب تک ہم اس فلسفے کو نہیں سمجھیں گے، ہم اس دنیا کے پیچھے دم ہلاتے پھریں گے، اس ذلت سے جان نہیں چھوٹے گی، اس رسوائی سے پیچھا نہیں چھوٹے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے حال پر رحم فرمائیں اور اللہ تعالیٰ ہمیں سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائیں۔

2016ء سے
Flag Counter