امریکی بمباری اور قومی خودمختاری

   
مرکزی جامع مسجد، شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ
۳ جنوری ۲۰۰۳ء

(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)

معاملات آگے بڑھتے جا رہے ہیں اور بہت سنگینی اور خطرات کی طرف بڑھتے جا رہے ہیں، پاکستان کے علاقے میں بمباری ہوئی ہے، پاکستان کے خطے میں بم گرا ہے۔ یہ بم اگر دنیا کے کسی آزاد ملک کی سرحد کے اندر گرتا تو ہم دیکھتے کہ کیا تماشہ لگتا۔ یہ برطانیہ کی کسی سرحد کے اندر گرتا، یہ روس کی کسی سرحد میں کہیں گر جاتا، انڈیا کی کسی سرحد میں یہ بم گرتا، پھر ہم دیکھتے کہ دنیا میں کیا تماشہ لگتا ہے۔ بھئی تمہارے بم کو کیسے جرأت ہوئی کہ ہمارے علاقے میں گرے آ کر۔ لیکن یہ غریب پاکستان ہے کہ اس کی سرحدوں کی حدود میں بم گرا ہے اور امریکہ بہادر کہتا ہے کہ بھئی ہم گرائیں گے جہاں ہماری مرضی ہوگی بم ماریں گے۔

سرحد اسمبلی نے احتجاج کیا ہے، سارے ملک میں اگر احتجاج کی کسی کو توفیق ہوئی ہے تو سرحد اسمبلی کو ہوئی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ ایسا کیوں ہوا ہے، یہ ہماری خودمختاری کے خلاف ہے، ہماری قومی سالمیت کے خلاف ہے۔ اس پر امریکہ نے تبصرہ کیا ہے کہ بھئی ہماری جہاں مرضی ہوگی ہم بم گرائیں گے، یہ ہمارا حق ہے، جہاں ہمیں خبر ملے گی کہ ہمارا دشمن موجود ہے، وہاں ہم بمباری کریں گے، ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔

چلو یہ تو دشمن کا جواب تھا۔ آج آپ نے وفاقی وزیر دفاع صاحب کا بیان بھی پڑھا ہوگا، راؤ سکندر اقبال نے کہا ہے کہ امریکی بمباری پر سرحد اسمبلی نے احتجاج کیا ہے، یہ متحدہ مجلس عمل کا موقف ہے، ہمارا نہیں ہے۔

یہ ہمارے حکمرانوں کے لیے چلّو بھر پانی میں ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ ہمارے حکمرانوں کا موقف تو یہ ہے کہ آؤ اسلام آباد پر بھی مارو، ہم حاضر ہیں۔ میں اس پر صرف اتنا کہنا چاہوں گا کہ حکمرانو! چُلو میں پانی بھرو اور اس میں ڈوب مرو۔ سرحد اسمبلی نے قومی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے، تم سے اتنا بھی نہیں ہو سکا کہ اس پر اپنا منہ بند رکھو۔ اتنی دلّالی امریکہ کی! میں نے اتنی بے غیرت حکومت اپنی زندگی میں کسی ملک کی نہیں دیکھی۔ اللہ تعالیٰ ہمارے حال پر رحم فرمائے۔

اس پر احتجاج ہمارا حق ہے اور ہماری دینی و قومی ذمہ داری ہے۔ آج پھر امریکہ کی خرمستیوں کے خلاف، وہ خرمستیاں جو وہ یہاں کر رہا ہے، عراق میں کر رہا ہے، فلسطین میں کر رہا ہے، اور دنیا بھر میں کر رہا ہے … اس کے خلاف آج پھر احتجاج ہوگا، سب حضرات سے میری گزارش ہے کہ وہ وقت نکالیں اور احتجاج میں شریک ہوں اور اپنے جذبات کا اظہار کریں۔

2016ء سے
Flag Counter