اسلام آباد میں امارتِ اسلامی افغانستان کے سفیر مولوی سید محمد حقانی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ اسامہ بن لادن کی آڑ میں افغانستان کو اسلامی نظام کے نفاذ پر انتقامی کاروائی کا نشانہ بنا رہا ہے اور معصوم افغان شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کاروائی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی بار امریکہ سے تقاضا کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو فراہم کیا جائے، لیکن امریکہ ابھی تک کوئی ثبوت مہیا نہیں کر سکا اور یکطرفہ پروپیگنڈا کے زور سے عالمی رائے عامہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
افغانستان ان دنوں امریکہ اور اس کے ایما پر اقوامِ متحدہ کی طرف سے عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کے حصار میں ہے۔ اور عراق، سوڈان اور لیبیا کے بعد امریکہ نے اب افغانستان کے عوام کو اپنی معاندانہ انتقامی کاروائیوں کے لیے چن لیا ہے۔ ان ممالک کا قصور یہ ہے کہ وہ دنیا میں امریکہ کی واحد چودھراہٹ کو تسلیم کرنے اور ہر معاملہ میں اس کی ہاں میں ہاں ملانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات پر یقین اور بھروسہ رکھنے والی غیور افغان قوم کو جس طرح روس کی مسلح لشکر کشی اس کی آزادی اور قومی خودمختاری سے محروم نہیں کر سکی، اسی طرح امریکی اقتصادی ناکہ بندی بھی افغان عوام کی دینی حمیت و غیرت کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکے گی اور افغانستان ان شاء اللہ تعالیٰ اس بحران میں سرخرو ہو گا۔