بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
رمضان المبارک قرآن کریم کا مہینہ ہے، اس میں اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب کا نزول ہوا ہے اور اسی میں وہ سب سے زیادہ پڑھی جاتی ہے۔ دنیا بھر میں تراویح، تہجد اور نوافل کے ساتھ ساتھ قرآن کریم کی اپنے طور پر تلاوت بھی اس ماہِ مبارک میں کثرت سے ہوتی ہے جو قرآن کریم اور رمضان المبارک کے ساتھ مسلمانوں کی عقیدت و محبت اور قلبی لگاؤ کا زندہ اظہار ہے۔ قرآن کریم نسلِ انسانی کی قیامت تک راہنمائی کے لیے اللہ تعالیٰ کا جامع اور آخری پیغام ہے، اس لیے یہ سلسلہ قیامت تک اسی طرح ان شاء اللہ تعالیٰ جاری رہے گا، البتہ تلاوت و قراءت کے علاوہ قرآن کریم کے ساتھ مسلمانوں کے تعلق کے اور بھی بہت سے تقاضے ہیں جن میں سب سے بڑا دائرہ شخصی، خاندانی اور معاشرتی معاملات میں راہنمائی حاصل کرنے کا ہے جس کی طرف ہماری توجہ کم ہوتی ہے جبکہ اسے اس کا صحیح مقام اور درجہ دینا ہماری سب سے بڑی ضرورت ہے۔
راقم الحروف کو مختلف اجتماعات میں اس سلسلہ میں کچھ نہ کچھ عرض کرنے کا موقع ملتا رہتا ہے اور ان میں سے اکثر گزارشات قلمبند بھی ہو جاتی ہیں، عزیزم ناصر الدین خان عامر نے ان کا ایک انتخاب زیرنظر مجموعہ میں مرتب کر کے پیش کیا ہے۔ امید ہے کہ یہ کاوش بہت سے لوگوں کی راہنمائی کا باعث بنے گی۔ اللہ تعالیٰ اسے ہم سب کے لیے ذخیرۂ آخرت بنائیں اور قبولیت سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔