اسلامی جمہوریہ کے اہلِ زمام کی اہلیت

   
مرکزی جامع مسجد، شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ
۳۰ اگست ۲۰۰۲ء

(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)

آج کے اخباروں میں یہ خبر ہے جو آپ نے بھی پڑھی ہوگی، میں نے بھی پڑھی ہے، اور یہ خبر ہمارے شہر کی ہے۔ پاکستان کے دیگر شہروں کو بھی یہ ’’اعزاز‘‘ حاصل ہوا ہوگا لیکن ہمارے شہر کا یہ اعزاز ہے کہ آج چار کالمی سرخی اخبار میں لگی ہوئی ہے کہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس کاغذات کی جانچ پڑتال تھی، قومی اسمبلی میں جانے کے خواہشمند وہاں امیدوار کے طور پر کھڑے تھے، قوم کی قیادت اور قومی اسمبلی میں بیٹھنے کی اہلیت کے لیے ان سے سوال ہوا، پوچھا گیا کہ جناب
دوسرا کلمہ آتا ہے؟

جواب ملا، نہیں آتا جی۔

درود شریف آتا ہے؟

نہیں۔

جنازے کی دعا سنا سکتے ہیں؟

نہیں۔

دعائے قنوت آتی ہے؟

نہیں۔

آج کی خبر یہ ہے کہ ہمارے گوجرانوالہ شہر سے ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہونے والے قومی اسمبلی کے امیدوار جن میں انجینئر، بیرسٹر اور دیگر گریجویٹس، ان میں سے ایک آدھ کے سوا کوئی دوسرا کلمہ نہیں سنا سکا، کوئی درود شریف نہیں سنا سکا، کوئی جنازے کی دعا نہیں سنا سکا۔ اس کے ساتھ یہ خبر بھی ہے کہ ایک امیدوار سے ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ جناب آپ بیرسٹر ہیں، دو دفعہ وزیر تعلیم بھی رہ چکے ہیں اور آپ کو جنازے کی دعا بھی نہیں آتی، آپ نے تو دو مہینے (انتخابی مہم کے دوران) لوگوں کے جنازے ہی پڑھنے ہیں۔

انتخابی امیدوار نے پانچ سال کے بعد کیا کرنا ہوتا ہے، دو مہینے کے لیے لوگوں کی خوشی غمی میں شریک ہونا ہوتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ووٹ مل جائیں۔ تین تین سال قبل مرے ہوئے لوگوں کے گھروں میں جا کر دعائیں کرنی ہوتی ہیں کہ جناب آپ کے والد تین سال قبل فوت ہوگئے تھے، مجھے اب پتہ چلا ہے تو میں دعا کے لیے حاضر ہوا ہوں۔

اب جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی سامنے لائیے:

اذا وسد الامر الی غیر اہلہ فانتظر الساعۃ۔

’’جب معاملات نا اہل لوگوں کے سپرد ہو جائیں تو قیامت کا انتظار کرنا۔‘‘

ان امیدواروں نے قومی اسمبلی میں جا کر قانون سازی کرنی ہے۔ اور قانون بھی کونسا بنانا ہے؟ پاکستان کے دستور میں لکھا ہوا ہے کہ قومی اسمبلی قرآن و سنت کے مطابق قانون بنائے گی اور قرآن و سنت کے خلاف کوئی قانون نہیں بنا سکے گی۔ اور اسمبلی میں ممبر وہ بن کر جا رہے ہیں جنہیں درود شریف نہیں آتا، جنہیں دوسرا کلمہ نہیں آتا، جنہیں جنازے کی دعا نہیں آتی۔ زیادہ وقت نہیں ہے ورنہ ایک چھوٹا سا قصہ سنانے کو جی چاہتا ہے۔

حضرت مولانا مفتی محمودؒ نے ایک واقعہ سنایا، کہتے ہیں کہ شاہ فیصل شہید کے جنازے پر ہم گئے۔ آپ کو شاہ فیصلؒ یاد ہیں؟ دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ایک اور شاہ فیصلؒ دے دے۔ اب تو شاہ فیصل جیسے لوگوں کو دیکھنے کے لیے آنکھیں ترستی ہیں، حضرت عمر فاروقؓ تو بہت اونچی بات ہے۔ شاہ فیصل شہیدؒ اپنے دور میں ایمانی غیرت کی علامت تھے، جیسے کیسے بھی تھے، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے، شہید ہو گئے تو اس وقت بھٹو صاحب مرحوم وزیر اعظم تھے اور حضرت مولانا مفتی محمودؒ قائد حزب اختلاف تھے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تھے۔ مفتی صاحبؒ بھی بھٹو صاحب کے ہمراہ جنازے کے لیے گئے۔ کہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ تینوں مسلح افواج میں سے ایک فوج کے سربراہ بھی تھے، مفتی صاحبؒ نے نام بتایا لیکن میں اس وقت نام لینا مناسب نہیں سمجھتا۔ نماز جنازہ سے فارغ ہوئے، اس کے بعد وہیں دن میں کسی اور نماز کا وقت بھی آیا، غالباً‌ ظہر کی نماز تھی، وہ بھی سب نے پڑھی۔ مفتی صاحبؒ فرماتے ہیں کہ واپسی پر جب ہم طیارے میں تھے تو فوج کے سربراہ صاحب نے مجھ سے پوچھا مفتی صاحب! وہاں مولوی صاحب نے جنازے کے بعد جو نماز پڑھائی تھی اس میں انہوں نے کچھ پڑھا وڑھا تو نہیں تھا۔ ہم جب پاکستان میں نماز پڑھتے ہیں تو اونچی اونچی پڑھتے ہیں، وہاں تو امام نے کچھ بھی نہیں پڑھا۔ مفتی صاحبؒ فرماتے ہیں کہ میرا جی چاہا کہ … لیکن جرنیل تھا اور ویسے بھی ایسا کرنا مناسب نہیں تھا۔

اصل قصہ یہ تھا کہ ان صاحب نے کبھی کہیں عید کی نماز پڑھی ہوگی جس میں امام صاحب اونچی آواز سے قرأت کرتے ہیں، اور جرنیل صاحب کو یہ پتہ ہی نہیں کہ ظہر اور عصر کی نماز میں امام بلند آواز سے قرأت نہیں کرتا۔ جب ملک کے سربراہوں کا یہ حال ہے تو قومی اسمبلی کے امیدوار بھی ایسے ہی ہوں گے، ’’جیسی روح، ویسے فرشتے‘‘۔

2016ء سے
Flag Counter