(بابائے صحافت مولانا ظفر علی خانؒ کے ۷۰ویں یومِ وفات کے موقع پر وزیر آباد میں بابائے صحافت پریس کلب کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب)
بعد الحمد والصلوٰۃ۔ میں آج کی اس محفل کے منتظمین کا شکر گزار ہوں کہ حضرت مولانا ظفر علی خان رحمہ اللہ تعالیٰ کی یاد میں اس تقریب میں مجھے بھی حاضری اور شرکت کا موقع عطا کیا۔ صدر نشین محترمہ ریحانہ صاحبہ، محترم اسسٹنٹ کمشنر صاحب، اور صاحبزادہ ضیاء النور صاحب جو ہمارے پرانے بھائی اور دوست ہیں، ان سب کا اور آپ سب حضرات کا شکر گزار ہوں۔ یہ تقریب مولانا ظفر علی خانؒ کے حوالے سے ہے۔ میں دو تین باتیں اختصار سے کروں گا۔ مولانا ظفر علی خانؒ ہماری قومی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں، جب ہمارا ملک اکٹھا تھا تب بھی وہ قومی شخصیات میں تھے، اور جب ملک پاکستان الگ ہوا تب بھی وہ قومی شخصیات میں ہیں، ان کا شمار ہمیشہ سے، ان کی زندگی میں بھی، قومی شخصیات میں ہوتا تھا۔ ان کی خدمات کو میں چار یا پانچ دائروں میں ذکر کروں گا:
(۱) پہلا دائرہ ان کا یہ تھا کہ انہوں نے ملک کی آزادی کی جنگ لڑی، انگریز کی غلامی سے آزادی کی جنگ لڑی، آزادی کی جنگ کی قیادت کی، اور ملک کو آزادی سے ہمکنار کرنے کی کوشش بھی کی اور آزاد ہوتے ہوئے دیکھا بھی۔ یہ ان کا پہلا دائرہ ہے۔
(۲) انہوں نے عقیدے اور ایمان کی جنگ لڑی۔ آپ ان کے شاعرانہ کلام میں، ان کے خطبات میں بھی دیکھ لیں، جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ عشق — جو ایک مسلمان کے ایمان کی بنیاد ہے، ایک مسلمان کے ایمان کا اظہار ہے — عشقِ رسول پر، عشقِ رسالت پر، بالخصوص ختمِ نبوت پر، جنابِ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خاتم النبیین ہونے کے اس پہلو پر جو مولانا ظفر علی خانؒ نے خدمات سر انجام دیں، ان کے معاصرین میں، ان کے دائرۂ کار میں شاید ان کی سطح پر کوئی نہ گیا ہو۔ وہ ہمارے ترجمانِ ختمِ نبوت بھی تھے اور ترجمانِ عشقِ رسالت بھی تھے، تحریر میں بھی، شاعری میں بھی، خطابت میں بھی۔ یہ ان کا دوسرا دائرہ تھا کہ نئی نسل کو اپنے ایمان اور عقیدے سے متعارف کرانے میں ان کا نمایاں کردار ہے۔
میں ایک بات عرض کرتا ہوں کہ ہماری نئی نسل کو — جو دینی تعلیم سے ہٹ کر دوسرے دائرے سے تھی — اس نسل کو عشقِ رسولؐ، ختمِ نبوت اور مسلم تہذیب سے متعارف کرانے میں علامہ محمد اقبالؒ، مولانا محمد علی جوہرؒ اور مولانا ظفر علی خانؒ، یہ تین شخصیات ہیں جنہوں نے نئی نسل کا تعلق عشقِ رسول سے قائم رکھا، ختمِ نبوت سے قائم رکھا، اور خلافت سے قائم رکھا۔ ان شخصیات نے اُس دور میں نئی نسل کو فکری طور پر بے راہ ہونے سے بچایا۔ اگر آپ تجزیہ کریں تو پچھلی صدی، جو اُن کی صدی تھی، اُس صدی میں اگر ہم کسی کو کریڈٹ دیں کہ ہماری نئی نسل دین کے ساتھ اور جنابِ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ گرامی کے ساتھ، اپنی مسلم تہذیب اور ثقافت کے ساتھ، اور اپنے ماضی کے ساتھ اگر جڑی رہی تو اس کا سب سے بڑا باعث کون تھے؟ ان شخصیات میں سر سید احمد خانؒ کا پہلا نام ہے، پھر مولانا محمد علی جوہرؒ، علامہ محمد اقبالؒ، اور مولانا ظفر علی خانؒ، ان کے کلام میں یہ بات بکھری پڑی ہے، اور جو شعر حافظ منیر صاحب نے پڑھا ہے، وہ ان کی زندگی کی علامت تھی۔ یہ دوسرا دائرہ تھا ان کا۔
(۳) تیسرا دائرہ مسلم تہذیب اور ثقافت کی حفاظت کا ہے۔ عقیدہ اور ایمان کی بھی اور ثقافت اور تہذیب کی بھی۔ یہ بات طے شدہ ہے، تاریخی واقعہ ہے، اور زمینی حقیقت یہی ہے کہ پاکستان کے قیام کی بنیاد ہی مسلم تہذیب کی شناخت ہے کہ مسلمانوں کی اپنی تہذیب اور ثقافت ہے اور اس کی بنیاد دو قومی نظریے پر ہے۔ اور دو قومی نظریے کی بنیاد کس پر ہے؟ مسلم تہذیب کے امتیاز اور شناخت پر کہ ہم اپنی تہذیب اور ثقافت رکھتے ہیں۔ اس میں ہماری قیادت سر سید احمد خانؒ، علامہ محمد اقبالؒ، قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ اور مولانا ظفر علی خانؒ نے کی۔
آج ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے ہندو تہذیب سے جو اپنا امتیاز الگ رکھا، میرا ایک سوال ہے آج کے دانشوروں سے کہ کیا ہم نے ہندو تہذیب سے الگ ہونے کا تاثر اس لیے دیا تھا کہ مغرب کی تہذیب میں ضم ہو جائیں؟ ہم نے اپنی تہذیب کا تشخص قائم رکھنے کے لیے جنگ لڑی تھی، ویسٹرن کلچر میں ضم ہونے کے لیے نہیں لڑی تھی۔ اس لیے اُن کے دور کا تقاضا یہ تھا کہ اپنی مذہبی شناخت اور تہذیب کو ہندوؤں سے الگ کریں، اور ہمارے دور کا تقاضا ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے یہ ہے کہ ہم اپنی تہذیب کا مغرب کی تہذیب سے الگ تشخص باقی رکھیں، ہم اس میں گم نہ ہو جائیں، اس میں ضم نہ ہو جائیں۔
(۴) انہوں نے جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور حضورؐ کے عشق میں جو نئی نسل کو جذبات دیے اور جو عقیدہ دیا وہ ان کا طرۂ امتیاز ہے۔ اور پھر اس کے بعد اردو صحافت میں مولانا ظفر علی خانؒ نے جو مقام حاصل کیا — ’’بابائے صحافت‘‘ ان کا لقب ہے — اردو صحافت کو آزادئ وطن، مسلم تہذیب کی حفاظت اور مسلم عقیدے کے فروغ کے لیے انہوں نے جس کامیابی کے ساتھ اور جس حوصلے کے ساتھ استعمال کیا، جس کے لیے انہوں نے قربانیاں بھی دیں، پریس بھی ضبط ہوئے، ڈکلیریشن بھی بند ہوئے، سب کچھ ہوا، لیکن انہوں نے اپنی اردو صحافت کو کس بات کا ذریعہ بنایا؟ اس بات کے لیے کہ ہندوستان آزاد ہو اور پاکستان قائم ہو، اور اس کام کے لیے کہ عقیدۂ ختم نبوت اور عشقِ رسول کا تحفظ ہو، اور جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کی تہذیب اور ثقافت باقی رہے۔ یہ ان کا دائرہ امتیاز تھا۔
(۵) اردو کے حوالے سے ان کی خدمات کے دو الگ الگ دائرے ہیں: ایک اردو صحافت کا اور ایک اردو زبان کا۔ اردو زبان کے دائرے میں بھی مولانا ظفر علی خانؒ کی قربانیاں اور خدمات نمایاں ہیں۔ یہ ان کی خدمات کے دائرے ہیں۔ انہوں نے آزادئ وطن کے لیے، پاکستان کے قیام کے لیے، مسلم تہذیب کی حفاظت کے لیے، اسلامی عقیدے کے فروغ کے لیے، اور اردو صحافت کے لیے خدمات سرانجام دیں۔
آج ہم ان کی ۷۰ویں برسی منا رہے ہیں۔ میں صرف ایک سوال کر کے گفتگو ختم کروں گا کہ کیا آج ہم بحیثیت قوم اُن کے مشن پر کھڑے ہیں؟ مجھے اپنے ضمیر سے پوچھنا چاہیے اور آپ کو اپنے ضمیر سے پوچھنا چاہیے۔ ان پانچ دائروں کے حوالے سے کیا ہم خود کھڑے ہیں؟ اور کیا یہ جذبات، یہ مشن اور یہ پیغام نئی نسل کو منتقل کر رہے ہیں؟ یہ سوال مجھ سے بھی متعلق ہیں اور آپ سے بھی متعلق ہیں۔ ہمیں مولانا ظفر علی خانؒ کو یاد کرتے ہوئے اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ ہم ان کے مشن اور ان کی محنت پر خود قائم ہیں، اور کیا نئی نسل کو منتقل کر رہے ہیں؟
مولانا ظفر علی خانؒ کو آزادی حاصل کرنے کا مسئلہ درپیش تھا۔ آج ہمیں آزادی کے تحفظ کا مرحلہ درپیش ہے۔ میں بات بالکل کھلے دل سے کروں گا کہ آج ہماری قومی آزادی دھند کا شکار ہو گئی ہے۔ ہمیں دھند سے باہر نکلنا ہے اور قومی آزادی کو یقینی بنانا ہے، اپنی خودمختاری کی منزل کو یقینی بنانا ہے۔
مولانا ظفر علی خانؒ کا پیغام آج یہ ہے کہ عشقِ رسولؐ پہ قائم رہو، اپنی تہذیب کی حفاظت کرو، آزادی کی حفاظت کرو اور آزادی کو خطرات سے محفوظ کرو۔ چنانچہ آزادی اور خودمختاری کا تحفظ آج کے دور میں مولانا ظفر علی خانؒ کا سب سے بڑا پیغام ہے۔ اللہ پاک مجھے اور آپ سب کو اس پیغام کو سمجھنے کی اور اس کے تقاضے پورے کرنے کی توفیق عطا فرمائے، وآخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین۔

