بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
مختلف دینی اور قومی مسائل پر اخبارات و جرائد اور مجالس و محافل کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی اظہارِ خیال کا موقع ملتا رہتا ہے جو بحمد اللہ تعالیٰ سنجیدہ احباب اور اصحابِ فکر و دانش سے دعاؤں کے حصول کا ذریعہ بنتا ہے اور میرے لیے اطمینان کا باعث ہوتا ہے۔ عزیزم ناصر الدین خان عامر نے ایسی بہت سی گزارشات کو محفوظ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جن میں سے ایک انتخاب زیر نظر مجموعہ میں آڈیو لنک کے ساتھ تحریری صورت میں بھی پیش کیا ہے، جس کی وضاحت عزیز موصوف نے اس طرح کی ہے کہ
’’مختلف اداروں کی طرف سے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر آپ کے جو بیانات اپ لوڈ کیے جاتے ہیں، یہ ان میں سے حاصل کی گئی تلخیص شدہ آڈیوز کا تحریری مجموعہ ہے۔ کسی بھی اقتباس کی تیاری کے مراحل درج ذیل ہیں:
- بیان میں سے مطلوبہ موضوع کا آڈیو حصہ الگ کیا جاتا ہے۔
- آڈیو کی ترتیب و تلخیص کی جاتی ہے یعنی موضوع کے متعلقہ حصوں کو یکجا کیا جاتا ہے۔
- جملوں کے درمیان موجود خاموش فاصلے کم کیے جاتے ہیں۔
- پس منظر کا شور اور غیر متعلقہ آوازیں کم سے کم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
- آخر میں تیار شدہ آڈیو کی تحریر لکھی جاتی ہے۔
آج کل چونکہ سوشل میڈیا پر Shorts اور Reels کا رجحان ہے یعنی مختصر اور متنوع معلوماتی مواد زیادہ پسند کیا جاتا ہے، چنانچہ ایسے شائقین کیلئے اس نوعیت کا کچھ کانٹینٹ پیش کیا جا رہا ہے، جو اگر پسند کیا گیا تو اس رخ پر مزید کام ہو سکتا ہے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔‘‘
دعا ہے کہ اللہ رب العزیز عزیز موصوف کو دنیا و آخرت میں جزائے خیر سے نوازیں اور اس خدمت کو ہم سب کے لیے ذخیرۂ آخرت بنا دیں، آمین یا رب العالمین۔