’’خطبات سواتی جلد چہارم‘‘
حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی دامت برکاتہم کے خطباتِ جمعہ مرتب ہو کر بے شمار مسلمانوں کی ہدایت اور خطباء کی راہ نمائی کا ذریعہ بن رہے ہیں اور اس کی چوتھی جلد مرتب ہو کر شائع ہو چکی ہے۔ اس جلد میں سنت اور بدعت میں امتیاز، شعائر اللہ کی تعظیم، تطہیرِ فکر کی ضرورت، مالی حقوق کے آٹھ مصارف، حقوق العباد کی اہمیت، زکوٰۃ آرڈیننس، زکوٰۃ کی اہمیت و حکمت، سیرتِ طیبہ، فقہ حنفی، عقيدۂ حياۃ النبیؐ، معراج النبیؐ، رمضان المبارک، قربانی، مہاجرین و انصار، اور اسلامی تقویم جیسے اہم عنوانات پر انتیس خطبات شامل ہیں۔
حضرت صوفی صاحب مدظلہ اندازِ بیان اب اتنا معروف ہو چکا ہے کہ اس کے بارے میں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں رہی۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحتِ کاملہ عاجلہ سے نوازیں، آمین۔
چار سو سے زائد صفحات، عمدہ جلد، معیاری طباعت اور قیمت ۱۱۰ روپے، ناشر: مکتبہ دروس القرآن، فاروق گنج، گوجرانوالہ۔
’’تزئین القرآن شرح جمال القرآن‘‘
تجوید و قراءت پر حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی کا رسالہ جمال القرآن ایک عرصہ سے دینی مدارس کے نصاب میں شامل ہے اور ہزاروں قراء اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔ مولانا قاری شمس الرحمٰن نعمانی نے اس کی مفصل شرح لکھ کر اس کی افادیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور آخر میں علمِ قراءۃ کے معروف ائمہ و اساتذہ کے مختصر حالات بھی درج کیے ہیں۔
صفحات ۳۰۷، طباعت معیاری، خوبصورت جلد، قیمت درج نہیں ہے۔ ملنے کا پتہ: مکتبہ شجاعت، ڈاکخانہ فارسٹ گیٹ، پلوسی روڈ، راحت آباد، پشاور۔
’’قرآن و حدیث سے عداوت کیوں؟‘‘
جامعہ مدنیہ لاہور کے استاد مولانا ڈاکٹر مفتی عبد الواحد صاحب نے ایک منکرِ حدیث کے نظریات و خیالات کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے حجیتِ حدیث پر مفید مواد جمع کر دیا ہے اور متعدد سوالات و اشکالات کا جواب دیا ہے۔
صفحات ۸۰، طباعت معیاری۔ یہ رسالہ صرف چار روپے کے ٹکٹ بھیج کر مندرجہ ذیل پتہ سے منگوایا جا سکتا ہے: شعبہ نشر و اشاعت مدرسہ ناصر العلوم، رشید ٹاؤن، مانگا منڈی، لاہور۔
’’ماہنامہ الاحرار ملتان‘‘
جانشینِ امیرِ شریعت حضرت مولانا سید عطاء المنعم ابوذر بخاریؒ کی زیرِ ادارت ’’الاحرار‘‘ ایک عرصہ تک قارئین کے علمی و ادبی ذوق کی تسکین کرتا رہا ہے۔ ان کے فرزند حافظ محمد معاویہ بخاری اس سلسلہ کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس وقت اس کا مارچ ۹۸ء کا شمارہ ہمارے سامنے ہے جو مفید معلوماتی مضامین پر مشتمل ہے۔ سالانہ زر خریداری یک صد روپیہ، ۲۳۲ کوٹ تغلق شاہ، ملتان۔
’’ختم نبوت ڈائری ۹۸ء‘‘
انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ نے ۹۸ء کی ڈائری شائع کی ہے جس میں منکرینِ ختم نبوت کے مختلف گروہوں کے تعارف کے ساتھ ساتھ تحریک ختم نبوت میں کام کرنے والی جماعتوں کی سرگرمیوں کا تذکرہ کیا گیا ہے، اور ڈائری ان کے علاوہ بھی مختلف النوع معلومات سے مزین ہے۔
ادارہ دعوت و ارشاد چنیوٹ کے مولانا خالد قریشی نے مولانا مشتاق احمد چنیوٹی اور ملک طارق جاوید چنیوٹی کے تعاون سے خاصی محنت کر کے ڈائری مرتب کی ہے اور عمدہ کمپوزنگ اور طباعت کے ساتھ مضبوط اور خوبصورت جلد میں اسے پیش کیا گیا ہے۔ پاکستان میں یہ ڈائری ادارہ مرکزیہ دعوت و ارشاد چنیوٹ سے ایک سو روپے میں حاصل کی جا سکتی ہے۔