بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے شعبہ تجوید و قرأت کے صدر مدرس مولانا قاری سعید احمد ہمارے باذوق اور صاحبِ توفیق ساتھیوں میں سے ہیں جو ایک عرصہ سے تجوید و قرأت کی تعلیم و تدریس کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی محفلوں میں قرآن کریم کی تلاوت و قرأت سے اپنے سامعین کو محظوظ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی تلاوت کو ذوق و اہتمام کے ساتھ سنا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ تجوید و قرأت کے مختلف علمی و فنی پہلوؤں پر تحریری طور پر بھی اپنے تجربات و مشاہدات کی روشنی میں نکتہ آفرینی اور قراء و حفاظ کی راہ نمائی و تربیت کا ماحول قائم رکھے ہوئے ہیں جسے دیکھ کر اُن کی مسلسل محنت اور متحرک کاوشوں پر بے ساختہ انہیں داد دینے کو جی چاہتا ہے۔ اللہ پاک ان کی حفاظت فرمائیں اور یہ کارِ خیر تادیر جاری رکھنے کی توفیق سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔
اسی سلسلہ میں ان کی تازہ تصنیف ’’سبعہ أحرف‘‘ کے عنوان سے اس وقت ہمارے سامنے ہے جس میں انہوں نے قراءاتِ مختلفہ کے مسائل و قوانین اور اسرار و رموز کے بہت سے پہلوؤں پر قیمتی معلومات اور مفید ہدایات کا ایک قابلِ قدر مجموعہ مرتب انداز میں پیش کیا ہے جو یقیناً اصحابِ فن اور اساتذہ کے لیے بہترین راہ نما کی حیثیت رکھتا ہے۔ اللہ پاک ان کی اس کاوش کو قبولیت و ثمرات سے بہرہ ور فرمائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس سے استفادہ کی توفیق عطا فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

