بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
حضرت مولانا حافظ گلزار احمد آزاد ہمارے شہر کے بزرگ علماء کرام میں سے ہیں جو کم و بیش نصف صدی سے تعلیم و تدریس اور مواعظ و دروس کے ذریعہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ میں مصروف ہیں اور نہ صرف شہر کے مختلف حصوں میں بلکہ اندرون ملک اور بیرون ممالک میں بھی ان کی تعلیمی اور درسی مصروفیات کا دائرہ وسیع ہے جس سے ہزاروں لوگوں نے استفادہ کیا ہے۔ قرآن کریم کے درس کا خصوصی ذوق رکھتے ہیں اور اس کے متنوع مواقع ان کی سرگرمیوں کی جولانگاہ رہتے ہیں۔
زیر نظر مجموعہ قرآن کریم کے قلب ’’سورہ یس‘‘ پر ان کے دروس کا مجموعہ ہے جو حرمین شریفین کے مبارک سفر کے دوران انہوں نے ارشاد فرمائے ہیں۔ اپنے استاذِ محترم امامِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر رحمہ اللہ تعالیٰ کے ذوق سے بہرہ ور ہیں، جس کا اظہار ان کے دروس میں جابجا ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبولیت سے نوازیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس سے استفادہ کی توفیق عطا فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

