سیرتِ صحابہؓ و اہلِ بیتؓ پر حضرت مولانا محمد الیاس گھمن کی تالیفات

   
پیش لفظ / تقریظ / مقدمہ
۲ اکتوبر ۲۰۲۶ء

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

حضرت مولانا محمد الیاس گھمن زید مجدہم ہمارے ان فاضل اور باذوق دوستوں اور ساتھیوں میں سے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی توفیق و غایت کے ساتھ مسلسل دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ان کی سرگرمیوں اور مصروفیات کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے اور حوصلہ ملتا ہے، بالخصوص مسلکی محاذ پر جس دل جمعی اور توازن و اعتدال کے ساتھ اہل السنۃ والجماعۃ اور علماء حق علماء دیوبند کثر اللہ جماعتہم کی نہ صرف ترجمانی کر رہے ہیں بلکہ علماء و طلبہ کو اس کے لیے تعلیم و تربیت کے ذریعہ تیار کرنے کی مسلسل محنت بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مجھے ان کے مرکز سرگودھا میں کئی بار جانے اور علماء و طلبہ سے گفتگو کا موقع ملا ہے بلکہ جب بھی ادھر سے گزر ہوتا ہے اور وقت میں گنجائش ہوتی ہے تو کچھ نہ کچھ وقت اس ماحول میں گزارنے کی ترتیب بنا لیتا ہوں۔

حضراتِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مجموعی معاشرتی ماحول اور سرکردہ شخصیات کے حالاتِ زندگی سے نئی نسل کو متعارف کرانا آج کے دور کی اہم ترین ضرورت ہے، خاص طور پر اس ماحول میں کہ ہماری نئی نسل دین سے بے خبر ہے اور اس بے خبری سے گمراہ قوتیں اور عناصر بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں میری گزارش یہ ہوتی ہے کہ اپنی نئی نسل کو دین سے باخبر کرنے کے لیے جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی شخصیات اور ان کے ایک صدی کے معاشرتی ماحول سے نئی نسل کو بریفنگ کے انداز میں واقف کرا دینا ہی ان گمراہیوں کا راستہ روکنے کے لیے سب سے بہتر راستہ ہے۔

چنانچہ اس تناظر میں مولانا محمد الیاس گھمن کی یہ کتابیں دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور دل سے دعا نکلی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان مساعی کو قبولیت و ثمرات سے نوازیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ان سے استفادہ کے مواقع اور توفیق نصیب فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

  1. خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ
  2. خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ
  3. خلیفہ سوم سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ
  4. خلیفہ چہارم سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ
  5. سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما
  6. سیدنا حسین بن علی رضی اللہ عنہما
  7. سیدنا معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہما
  8. امہات المؤمنین رضی اللہ عنہن
  9. دس عقائد و نظریات
  10. صحابہ و اہلِ بیت رضی اللہ عنہم
  11. اولادِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم
  12. تذکرہ صحابہ و اہلِ بیت رضی اللہ عنہم
   
2016ء سے
Flag Counter