آج کے عالمی مطالبات اور سیرت نبویؐ

   
جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام، جہلم
۱۵ نومبر ۲۰۲۶ء

۱۵ نومبر ۲۰۲۶ء کو جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام جہلم کے سالانہ اجتماع کی آخری نشست سے خطاب کا خلاصہ قارئین کی نذر کیا جا رہا ہے۔

بعد الحمد والصلوٰۃ۔ جامعہ حنفیہ تعلیم السلام جہلم میں حاضری اپنے بزرگوں کے ساتھ نسبت کو تازہ کرنے کے لیے ہوتی ہے۔ حضرت مولانا قاضی مظہر حسینؒ، حضرت مولانا عبد اللطیف جہلمیؒ، حضرت مولانا حکیم سید علی شاہؒ، حضرت مولانا نذیر اللہ خانؒ، حضرت مولانا مفتی محمد شریف عابرؒ، حضرت مولانا قاری خبیب احمد عمرؒاور دیگر بزرگوں کے ساتھ والد گرامی حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدرؒ کی بھی اسی اسٹیج پر اکٹھے زیارت ہو جایا کرتی تھی۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات جنت میں بلند سے بلند فرمائیں اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلتے رہنے کی توفیق سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔

آج کی گفتگو میں آج کی دنیا کے ایک اہم سوال کا ذکر کروں گا کہ ہم سے آج کے عالمی ماحول کے جو تقاضے مسلسل چلے آ رہے ہیں اور اب وہ شدید دباؤ کے ساتھ دہرائے جا رہے ہیں، ان کے بارے میں جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت مبارکہ کیا ہے؟ ان میں سے تین مطالبات کا مختصر ذکر کروں گا جو صرف آج کے مطالبے نہیں ہیں بلکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی کیے گئے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پر واضح موقف اختیار فرمایا تھا۔

  1. ایک یہ کہ ہم سے ’’ابراہام اکارڈز‘‘ (ابراہیمی معاہدہ) کے عنوان سے دیگر مذاہب کے ساتھ اکٹھے بیٹھنے کا تقاضہ کیا جا رہا ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی کی بجائے مل جل کر کام کریں اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرف نسبت رکھنے والے مذاہب مشترکہ ماحول اختیار کریں۔

    یہی مطالبہ قریش مکہ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا تھا جسے قرآن کریم نے ’’ودوا لو تدہن فیدہنون‘‘ سے تعبیر کیا ہے کہ آپ اللہ تعالیٰ کی صفات بیان کریں مگر ہمارے بتوں کی نفی نہ کریں تو ہم آپ کے ساتھ عبادت میں شریک ہو جایا کریں گے، آپ ہمارے ہاں تشریف لایا کریں، ہم آپ کو حکمران تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں، جتنی دولت چاہیں جمع کر کے دیں گے اور جہاں سے چاہیں رشتہ تلاش کر کے نکاح کرا دیں گے۔ قرآن کریم میں سورۃ الکافرون اسی تقاضے کے جواب میں نازل ہوئی تھی کہ تمہارے ساتھ بتوں کی عبادت میں شرکت قابل قبول نہیں ہے ’’لکم دینکم ولی دینی‘‘۔ جبکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض روایات کے مطابق فرمایا تھا کہ میرے دائیں ہاتھ میں سورج اور بائیں ہاتھ پر چاند بھی لا کر رکھ دیں تب بھی میں اس کے لیے تیار نہیں ہوں۔

  2.    دوسرے نمبر پر نبوت و رسالت میں شراکت کی پیشکش تھی جو مسیلمہ کذاب نے خود مدینہ منورہ میں آ کر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات کر کے کی تھی کہ مجھے اپنی نبوت و رسالت میں شریک کر لیں اور اپنے بعد مجھے اپنا جانشین تسلیم کر لیں، یا     تقسیم کر لیں کہ ’’لنا و بر و لکم مدر‘‘    شہروں کے نبی آپ رہیں اور دیہات کا علاقہ میرے حوالے کر دیں۔ اس پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت پڑھ کر واضح انکار فرما دیا تھا کہ ’’ان الارض للہ یورثہا من یشآء من عبادہ‘‘۔ مسیلمہ کذاب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو رسول اللہ تسلیم کر کے ان کی شراکت اور اتباع میں خود کو نبی کہتا تھا جو بخاری شریف کی روایت کے مطابق نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے یکسر مسترد کر دیا تھا۔

    آج بھی مختلف عالمی حلقوں اور اداروں کا یہی تقاضہ ہے کہ ہم مرزا غلام احمد قادیانی کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تابع اور شریک نبی کے طور پر انبیاء کرام کے دائرے میں شریک کر لیں اور اس کے پیروکاروں کو مسلمانوں میں شمار کر لیں جو امتِ مسلمہ کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

  3.   تیسرے نمبر پر طائف کے بنو ثقیف کے سرداروں کا وہ تقاضہ سیرت کی کتابوں میں پڑھ لیں جو انہوں نے فتح مکہ سے واپسی پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں مدینہ منورہ حاضر ہو کر کیا تھا اور جس میں اسلام قبول کرنے کے لیے شرائط پیش کی تھیں۔ ان میں (۱) ان کے بت لات کو نہ توڑنے (۲) انہیں نمازوں کے اوقات خود اپنی مرضی کے مطابق طے کرنے کا اختیار دینے (۳) شراب کی اجازت دینے (۴) سود ان کے لیے حرام نہ ہونے اور (۵) زنا کے مباح ہونے کی شرائط شامل تھیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام شرائط مسترد کر کے غیر مشروط اور مکمل اسلام قبول کرنے کی دعوت دی تھی۔ چنانچہ انہوں نے یہ شرائط واپس لے کر اگلے دن غیر مشروط طور پر کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کر لیا تھا۔

    آج ہم سے اسی قسم کی شرائط ہمارے حکمران طبقے کی طرف سے سامنے لائی جا رہی ہیں اور پون صدی سے زیادہ عرصہ سے نفاذِ اسلام کے حوالہ سے یہی کشمکش جاری ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت دیں اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق قوی فیصلے کرنے کی توفیق سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔

2016ء سے
Flag Counter