اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا فتویٰ

   
جنوری ۲۰۰۱ء

نامور عرب عالمِ دین اور دانشور الشیخ ڈاکٹر محمد یوسف قرضاوی حفظہ اللہ تعالیٰ نے ایک حالیہ فتویٰ میں بیت المقدس اور افغانستان کی اسلامی حکومت کے بارے میں امریکی طرز عمل کو عالمِ اسلام کے خلاف معاندانہ قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، اور یہودیوں اور ان کے سرپرستوں کا اقتصادی مقاطعہ کر کے دینی حمیت و غیرت کا اظہار کریں۔

اس فتویٰ پر کویت کے معروف علماء الشیخ توفیق یوسف علی، الشیخ محمد علی المتولی، الشیخ متولی عبد الباسط، الشیخ عبد الفتاح، الشیخ ابو غدۃ علی، الشیخ سعید احمد السید، الشیخ عصام سلطان، اور الشیخ الطیب عباس کے علاوہ پاکستان کے مختلف مکاتبِ فکر کے بڑے دینی اداروں مثلاً جامعہ اشرفیہ لاہور، جامعہ نعیمیہ لاہور، دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک، جامعہ تفہیم القرآن مردان، دارالعلوم امجدیہ کراچی، اور جامعہ اہلحدیث لاہور کے ذمہ دار حضرات کے دستخط بھی موجود ہیں۔

ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ اور اس کی سرپرستی میں اقوام متحدہ کے اداروں نے اسلام اور عالمِ اسلام کے خلاف جو معاندانہ مہم شروع کر رکھی ہے اور فلسطین، بیت المقدس، افغانستان، چیچنیا، کشمیر اور عالمِ اسلام کے دیگر نازک اور حساس مسائل کے بارے میں جو منافقانہ طرز عمل اختیار کر رکھا ہے، اس کے پیش نظر عالمِ اسلام کی رائے عامہ کو بیدار اور متحرک کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے، اور اس فتویٰ میں اس ضرورت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ لیکن صرف فتویٰ جاری کر دینے سے بات نہیں بنے گی بلکہ اصل کام وسیع پیمانے پر ذہن سازی کا ہے جس کے لیے علماء کرام، دینی جماعتوں، دانشوروں اور علمی مراکز کو سنجیدگی کے ساتھ محنت کرنا ہو گی۔ خدا کرے یہ مہم سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھ سکے، آمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter