بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
محترمی ڈاکٹر قبلہ ایاز صاحب، چیئرمین و جملہ اراکین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ مزاج گرامی؟
اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیلِ نو اور اس میں اپنی نئی ذمہ داریوں پر آپ سب دوست ہدیۂ تبریک قبول فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ حضرات کو اس حوالہ سے دین و ملت اور ملک و قوم کی مؤثر خدمت کی توفیق سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔
اس کے ساتھ ہی آپ دوستوں کی اطلاع کے لیے گزارش ہے کہ ملی یک جہتی کونسل پاکستان نے ۲۱ اکتوبر ۲۰۱۷ء کو اسلام آباد میں صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر صاحب کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے اور اس سلسلہ میں متعلقہ حلقوں کو توجہ دلانے کے لیے اپنے پہلے سے قائم کردہ کمیشن میں توسیع کی ہے۔ کمیشن کی مسئولیت راقم الحروف کے سپرد ہے جبکہ اس میں محترم حافظ محمد عاکف سعید صاحب، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر صاحب، حافظ ساجد انور صاحب اور علامہ عارف حسین واحدی صاحب کو شریک کار بنایا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں آپ حضرات سے کونسل کے مصروفِ کار ہو جانے کے بعد رابطہ قائم کرنے کا ارادہ ہے تاکہ باہمی مشاورت کے ساتھ کمیشن کے کام کو آگے بڑھانے کے لیے طریقِ کار طے کیا جا سکے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔ اطلاعاً عرض ہے۔