بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
جمعیۃ علماء اسلام پاکستان علماء حق کی نمائندہ دینی و سیاسی جماعت ہے جس نے پہلے دور میں تحریکِ پاکستان اور دوسرے دور میں قیامِ پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں۔ اسے ملک میں سیاسی و دینی حوالوں سے قومی فیصلوں کی تشکیل و نفاذ میں ہمیشہ کلیدی حیثیت حاصل رہی ہے جو بحمد اللہ تعالیٰ آج بھی قائم ہے۔
والد گرامی حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر رحمہ اللہ تعالیٰ کے تتبع اور معیت میں مجھے بھی جمعیۃ علماء اسلام پاکستان کے کارکن کے طور پر مسلسل کچھ نہ کچھ کرتے رہنے کی سعادت حاصل ہے اور ۱۹۶۲ء سے اب تک کسی نہ کسی دائرہ میں تھوڑی بہت خدمات سرانجام دیتا چلا آ رہا ہوں۔ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ ہمارے عزیز ساتھی مولانا حافظ خرم شہزاد صاحب نے والد گرامی حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدرؒ اور راقم کے ایک مضمون کا انتخاب کر کے کارکنانِ جمعیۃ کے لیے ایک پمفلٹ تیار کیا ہے جو نہ صرف کارکنانِ جمعیۃ علماء اسلام بلکہ ہر فکری و نظریاتی کارکن کے لیے بے حد مفید ہے۔ اللہ پاک ان کی اس کاوش کو قبول فرمائیں اور ہم سب کے لیے ذخیرۂ آخرت بناتے ہوئے دنیوی و اخروی ثمرات سے نوازیں، آمین یا رب العالمین۔

