’’مقالاتِ منصوری‘‘

   
پیش لفظ / تقریظ / مقدمہ
۱۸ اگست ۲۰۲۳ء

مولانا محمد عیسیٰ منصوری کا تعلق انڈیا کے صوبہ گجرات سے ہے، فاضل اور دانش ور عالمِ دین ہیں، صاحبِ قلم ہیں اور عالمِ اسلام کے اجتماعی مسائل پر گہری نظر رکھتے ہیں، گزشتہ کئی عشروں سے لندن میں مقیم ہیں۔ ۱۹۹۲ء میں راقم الحروف اور مولانا منصوری دونوں نے مل کر دوسرے رفقاء کے ہمراہ ورلڈ اسلامک فورم کی بنیاد رکھی تھی، پانچ سال تک راقم الحروف چیئرمین اور مولانا موصوف سیکرٹری جنرل رہے، اور کچھ عرصہ وہ چیئرمین اور میں ان کی مجلسِ عاملہ کا رکن رہا۔

مولانا منصوری ہمارے دور کے ان صاحبِ فکر و نظر علماء میں سے ہیں جو اسلامی تعلیمات و احکام کے ساتھ ملتِ اسلامیہ کی چودہ سو سالہ تاریخ کے اتار چڑھاؤ اور مغربی اقوام کے ساتھ مسلمانوں کی علمی، فکری اور تہذیبی کشمکش پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں اور پورے دردِ دل کے ساتھ مسلمانوں کے مختلف طبقات اور اربابِ فہم و دانش کو اس حوالہ سے ان کی ذمہ داریوں اور ملی و دینی تقاضوں کی طرف توجہ دلانے کے لیے سرگرم عمل رہتے ہیں۔ مطالعہ و تحقیق اور تجزیہ و تنقیح ان کا خصوصی شغف ہے اور مختلف اخبارات و جرائد میں شائع ہونے والے ان کے تحقیقی و تجزیاتی مضامین اربابِ فکر و نظر کی فکری و نظریاتی تشنگی کو کم کرنے کے لیے ٹھنڈے اور شیریں پانی کے رواں چشمے کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ایک عرصہ سے یہ آرزو تھی کہ مولانا منصوری کے مضامین و مقالات کتابی مجموعے میں سامنے آئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے استفادہ کر سکیں اور ان قیمتی مضامین کی حفاظت کی صورت بھی نکل آئے۔ مجھے یہ معلوم کر کے خوشی ہوئی ہے کہ ہمارے صاحبِ فکر ساتھی مولانا حافظ خرم شہزاد نے ماہنامہ الشریعہ، گوجرانوالہ کی فائلوں سے مولانا کے وقیع مضامین کو جمع کیا ہے، اس پر میں اپنی قلبی مسرت کو بیان نہیں کر سکتا، ما شاء اللہ، حافظ خرم شہزاد صاحب خود بھی باذوق ہیں، علمی و فکری کاموں میں مسلسل مصروف رہتے ہیں، اور اپنے اساتذہ اور بزرگوں کے علوم و افکار اور تعلیمات و خدمات کا فروغ بطور خاص ان کا دائرہ کار ہے، ایسے نوجوانوں کی علمی و فکری سرگرمیاں دیکھ کر دل کو اطمینان ہوتا ہے کہ مستقبل کا دامن ہمارے بزرگوں کی علمی و دینی خدمات کے تسلسل سے محروم نہیں رہے گا۔

مولانا منصوری اس وقت عالمِ اسلام کی ان ممتاز شخصیات میں سے ہیں جو مسلمانوں میں فکری بیداری اور عصر حاضر کا شعور اجاگر کرنے کے لیے ہمہ وقت متحرک رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت اور عافیت کے ساتھ ملتِ اسلامیہ کی یہ خدمت تادیر جاری رکھنے کی توفیق سے نوازیں، اور مسلمانوں میں وہ جس فکر و جذبہ کو عام کرنا چاہتے ہیں، یہ مجموعہ اس کے فروغ میں مؤثر ذریعہ ثابت ہو، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter