امریکی دباؤ پر دینی مدارس کی شامت

   
مرکزی جامع مسجد، شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ
۱۷ جنوری ۲۰۰۳ء

(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)

ہمارے ضلع گوجرانوالہ میں سادھوکی کے مقام پر جی ٹی روڈ پر سے گزرتے ہوئے آپ دیکھتے ہوں گے کہ جامعہ اسلامیہ کے نام سے ایک دینی مدرسہ ہے۔ مولانا عبد الرؤف فاروقی اس کے مہتمم ہیں جو کہ ہمارے دوست ہیں بھائی ہیں، جمعیت علماء اسلام (س) کے پنجاب کے سیکرٹری جنرل ہیں، لاہور کی خضریٰ مسجد سمن آباد کے خطیب ہیں اور اچھے متحرک عالم دین ہیں۔ مدرسہ بھی ہے، اس کے ساتھ ہسپتال بھی ہے جو علاقے کی فی سبیل اللہ خدمت کرتا ہے، اور علاقے میں تعلیمی و سماجی سرگرمیاں بھی ہیں جیسا کہ اچھے اور منظم مدارس کرتے ہیں۔ دو روز قبل رات کو اچانک پولیس مدرسے میں دیواریں پھلانگ کر اندر جا گھسی، اساتذہ کو مارا، طلبہ کو مارا کہ یہاں اسلحہ ہے، یہاں دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں، طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ بدسلوکی کی، انہیں تھپڑے مارے، ان کے گریبان پکڑے، گالیاں دیں۔

یہ کم و بیش وقفے وقفے سے ملک کے مختلف حصوں میں اس قسم کی حرکتیں ہو رہی ہیں، اسلام آباد میں بھی ہوئی، اس سے پہلے راولپنڈی میں ہوئی تھی، کراچی میں ہوئی تھی، اور اب یہاں بھی۔ انہیں نہ کوئی اسلحہ ملا اور نہ دہشت گرد۔ آخر میں ایس ایس پی صاحب کو معذرت کرنی پڑی کہ جی وہ غلط فہمی سے چلے گئے تھے۔

اگر انہیں کچھ نہیں ملا تو تمہاری سی آئی ڈی کیا کرتی ہے؟ اصل بات یہ ہے کہ سوچے سمجھے پروگرام کے تحت مدارس کی کردار کشی بھی کی جا رہی ہے، حوصلہ شکنی بھی کی جا رہی ہے، لوگوں کو مدارس سے دور رکھنے کے لیے کہ یہاں اسلحہ ہوتا ہے، یہاں چھاپے پڑتے ہیں، یہاں طلبہ کی تذلیل ہوتی ہے، اس لیے اپنے بچوں کو مدرسوں سے دور رکھو۔ یہ امریکہ بہادر کا پروگرام ہے، ہمارے ملک میں اوپر سے لے کر نیچے تک سب امریکہ کے ایجنٹ ہیں، امریکہ جو حکم جاری کرتا ہے یہ اس پر اٰمنا و صدقنا کہتے ہیں۔ اب ایک ہفتہ پہلے آپ نے اخبارات میں پڑھا ہوگا کہ امریکی وزیر دفاع رمز فیلڈ نے ایک پریس کانفرنس میں یہ کہا کہ ’’پاکستان کے دینی مدارس ہمارے لیے شدید خطرہ ہیں‘‘۔ اس لیے ان مدارس کے خلاف جو کاروائیاں ہو رہی ہیں یہ بالکل جان بوجھ کر ہو رہی ہیں، کوئی غلط فہمی نہیں ہے۔ ایس ایس پی صاحب کی اس وضاحت کو ہم تسلیم نہیں کرتے، یہ سراسر جھوٹ ہے، انہوں نے یہ عمداً کیا ہے، طے شدہ منصوبے کے تحت کیا ہے، ایک تو عوام کو مدارس سے دور رکھنے کے لیے، اور دوسرا اس کاروائی کا ردعمل دیکھنے کے لیے۔

ہم اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایس ایس پی نے خود کھڑے ہو کر چھاپہ مروایا ہے، یہ امریکہ کے دلال ہیں، امریکہ کے ایجنٹ ہیں، یہ حرکتیں ناقابل برداشت ہیں۔ پرسوں شہر بھر کے علماء کا اجلاس بلایا لیا گیا ہے، اس میں ہم مشورہ کریں گے کہ اس قسم کی حرکتوں کی روک تھام کیسے کریں گے، ان شاء اللہ العزیز۔ آپ حضرات سے گزارش ہے کہ آپ اس مذمت میں اور اس احتجاج ہمارے ساتھ شریک ہوتے ہوئے اپنی آواز بلند کریں تاکہ امریکہ کے یہ دلال اپنی حرکتوں سے باز آئیں، اس میں ملک و قوم دونوں کا فائدہ ہے۔

2016ء سے
Flag Counter