چیچنیا میں اسلامی قوانین کا نفاذ

   
مارچ ۱۹۹۹ء

حال ہی میں مسلح روسی جارحیت کے مقابلہ میں استقامت کا مظاہرہ کرنے والی چھوٹی سی مسلم ریاست چیچنیا میں اسلامی قوانین کے نفاذ کا آغاز ہو گیا ہے۔ بین الاقوامی پریس کے مطابق چیچن صدر ارسلان مسخادوف نے ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ قرآن و سنت کی بنیاد پر شرعی قوانین نافذ کر دیے گئے ہیں جو معاشرے کے تمام شعبوں پر لاگو ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامی نظامِ حکومت کا خاکہ بھی تیار کر لیا گیا ہے جسے قومی کانگریس سے منظوری کے بعد نافذ کر دیا جائے گا۔

یہ خبر ہمارے لیے خوشی اور مسرت کا باعث ہے کہ ایک مسلم ریاست میں اسلامی قوانین کے نفاذ کا آغاز ہوا ہے اور شرعی نظام کی برکات سے ایک مسلم قوم بہرہ ور ہو رہی ہے۔ جس پر صدر ارسلان مسخادوف اور چیچن قوم کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس عزم میں کامیابی سے ہمکنار فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

مگر اس کے ساتھ ہی اس خبر میں ہمارے لیے حسرت کا پہلو بھی ہے کہ ہمیں فرنگی استعمار سے آزادی حاصل کیے نصف صدی سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے لیکن ابھی تک ہم قرآن و سنت کو اپنے ملک کا سپریم لاء تسلیم کرنے کا مرحلہ بھی نہیں طے کر پائے، اللہ تعالیٰ ہمارے حال پر رحم فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

   
2016ء سے
Flag Counter