دینی مدارس کے بارے میں حکومت کے مجوزہ آرڈیننس کے حوالے سے ’’وفاق المدارس العربیہ پاکستان‘‘ کا موقف اور فیصلہ قارئین کی خدمت میں ’’نصرۃ العلوم‘‘ کے اسی شمارے میں پیش کیا جا رہا ہے۔ دینی مدارس کے دیگر وفاقوں نے بھی ’’اتحادِ تنظیماتِ مدارسِ دینیہ‘‘ کے فورم پر یہی فیصلہ کیا ہے، اور اس کی حمایت میں ملک بھر کے دینی و سیاسی حلقوں کو اعتماد میں لینے کے لیے ۷ اگست ۲۰۰۲ء کو لاہور میں ’’کل جماعتی کانفرنس‘‘ طلب کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں بلا تفریق تمام دینی و سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔
ملک بھر کے تمام دینی مدارس و مراکز، علماء کرام، دینی کارکنوں اور عوامی راہنماؤں سے ہماری گزارش ہے کہ وہ دینی مدارس کی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اتحادِ تنظیماتِ مدارسِ دینیہ سے بھرپور تعاون کریں، اور ۷ اگست کی کُل جماعتی کانفرنس کو کامیاب بنانے کے ساتھ ساتھ دینی مدارس کے جائز اور منصفانہ موقف کو ہر سطح پر عوام اور اربابِ علم و دانش کے سامنے پیش کرتے ہوئے اس کے حق میں رائے عامہ کو منظم کرنے کی جدوجہد کریں، تاکہ دینی مدارس اپنے آزادانہ کردار کا تحفظ کرتے ہوئے معاشرہ میں دینی علوم کے فروغ اور اسلامی اقدار کے تحفظ کی جدوجہد کا تسلسل جاری رکھ سکیں۔