(جمعۃ المبارک کے بیان کا حالات و واقعات والا حصہ)
ایک نوجوان نے تین چار کال گرلز کو قتل کر دیا۔ کال گرلز کا مطلب آپ سمجھتے ہیں، ہر آدمی سمجھتا ہے۔ یہاں فحاشی اور بدکاری کے کاروبار کے لیے فضا بن گئی تھی کہ لڑکیاں اکٹھی ہوتی ہیں، گاہک آتے ہیں، ان سے بات کرتے ہیں اور سودا کرتے ہیں، یہ طریقہ ایک عرصہ سے یہاں جاری ہے۔ آج سے کچھ عرصہ قبل کچھ دوستوں نے میری اس طرف توجہ دلائی کہ گوندلانوالہ چوک میں لڑکیاں اکٹھی ہوتی ہیں، رکشے والے بھی متعین ہیں جو ایک خاص ترتیب سے آتے ہیں اور سودا کر کے لڑکی لے جاتے ہیں۔ میں نے اس کے متعلق شہر کے کچھ ذمہ دار حضرات سے بھی بات کی، ڈی آئی جی سے، ڈی سی صاحب سے بھی بات کی۔ وہ نوجوان کہتا ہے کہ میں نے درخواستیں بھی دیں اور لوگوں کی اس طرف توجہ دلائی لیکن میری بات سنی نہیں گئی، اس لیے میں نے اپنے طور پر یہ قدم اٹھایا ہے۔
لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کیا اس نوجوان کا یہ عمل ٹھیک ہے؟ اس بارے میں دو باتیں میں واضح طور پر کہنا چاہوں گا:
- پہلی بات یہ کہ قانون کو ہاتھ میں لینا تو درست نہیں ہے۔ برائی کو ختم کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کرنی چاہیے لیکن قانون سے بالاتر ہو کر کوئی قدم اٹھانا جائز نہیں ہے۔ تمام فقہاء اور علمائے کرام یہ فرماتے ہیں کہ قانون کو ہاتھ میں لینا جائز نہیں ہے۔
- لیکن دوسری بات یہ ہے جو میں نے اخبار میں بھی لکھی ہے اور آپ سے بھی عرض کرتا ہوں کہ اس نوجوان نے جو یہ عمل کیا ہے، یہ موجودہ سسٹم اور موجودہ حکمرانوں کی ناکامی کا رد عمل ہے۔ آخر اس نے ایسا کیوں کیا؟ اگر انتظامیہ فحاشی کے اس کھلے کاروبار کو روکتی تو کیا اس کی نوبت آتی؟ حکومت کی اور ضلعی انتظامیہ کی ناکامی کی وجہ سے یہ نوبت آئی ہے۔ شہر کے شرفاء کی غفلت، بے توجہی اور لا پرواہی کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔
وہ نوجوان تو مجرم ہی ہے، میں اُس کے اِس اقدام کی حمایت نہیں کرتا، لیکن آخر اس نے ایسا کیا کیوں؟ ارے بھئی جہاں گند اکٹھا ہوگا، اگر صحیح طریقے سے وہ گند نہیں نکالا جائے گا تو آخر کہیں نہ کہیں تو اس نے نکلنا ہے، صحیح راستے سے نہیں نکالا جائے گا تو غلط راستے سے نکل جائے گا۔ یہ موجودہ سسٹم، موجودہ نظام کے لیے ایک چیلنج ہے۔ میری بات سخت نہ ہو تو نوجوان کا یہ عمل موجودہ نظام کو چلانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
میں یک طرفہ بات نہیں کروں گا، دونوں طرف کی بات کروں گا۔ اس نوجوان نے جو قانون کو ہاتھ میں لیا ہے یہ درست نہیں ہے اور وہ مجرم ہے۔ لیکن جس وجہ سے اس نے یہ کیا ہے اگر وہ وجہ دور نہیں کی جائے گی تو یہ قتل ہوتے رہیں گے۔ میرا حکمرانوں کو یہ مشورہ ہے کہ جرائم پر قابو پاؤ اور اپنے فرائض کو صحیح طریقے سے ادا کرو تاکہ ایسے رد عمل سے نجات حاصل کر سکو۔

